محکمہ زراعت پنجاب کیکاشتکاروں کودھان کی باقیات جلانے کی بجائے زمین میں ملانے کی ہدایت

111
زراعت

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے سموگ سے بچائو کیلئے کاشتکاروں کودھان کی باقیات جلانے کی بجائے زمین میں ملا نے کی ہدایت کر دی۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ باقیات جلانے سے سموگ کی پیداوار ممکن ہے لہذاسموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات مثلاً دھان کے مڈھوں کو آگ نہ لگائی جائے بلکہ ان کو زمین میں ملا کر زمین کی زرخیزی میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی باقیات کو روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو کی مدد سے زمین میں ملائیں، گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگا دیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب سموگ کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے،دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی

لہذٰا کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس عمل سے نہ صرف زمین کی بالائی سطح پر موجود نامیاتی مادہ کو نقصان پہنچتا ہے اور زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے بلکہ دھان کے مڈھوں سے اٹھنے والا دھواں ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتا ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ زراعت پنجاب سے اس سلسلے میں مکمل تعاون کریں کیونکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگیوں پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔