بہاولنگر ۔31 دسمبر (اے پی پی):بہاولنگر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے کسانوں کےلئے خصوصی پیکج کی بدولت صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکڑ ، بہاولپور ڈویژن میں 26 لاکھ 44ہزار ایکڑ اور ضلع بہاولنگر میں 10لاکھ 76ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔
ڈی جی زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ضلع بہاولنگر محمد اشفاق کے ہمراہ میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں 71 ہزار سے زائد کاشتکار اپنا کسان کارڈ موصول کرچکے ہیں۔بہاولنگر ضلع میں 28 ہزار سے زائد کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے بروقت خریداری کی اور گندم کی فصل کیلئے ڈی اے پی اور یوریا کھاد استعمال کی۔میکانئزیشن کے فروغ کیلئے 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
ضلع بہاولنگر میں وزیر اعلی پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت 502 ٹریکٹرز کی ڈلیوری کا عمل جاری ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے امسال گندم کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے اربوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔1 سے ساڑھے 12 ایکڑ کے کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری کی سہولت دی گئی، ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد گندم کاشت پر 1ہزار لیزر لیولرز جبکہ 25 ایکڑ سے کاشت پر 1 ہزار ٹریکٹرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کئے جائیں گے۔
فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے پیداواری مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں جس میں صوبائی سطح پر جیتنے والے کاشتکاروں کو اول انعام 85 ہارس پاور ٹریکٹر، دوسرا انعام 75 ہارس پاور ٹریکٹر جبکہ تیسرا انعام 60 ہارس پاور ٹریکٹر دیا جائے گا اس طرح ضلعی سطح پر اول انعام 10 لاکھ روپے ،دوسرا انعام 8لاکھ روپے جبکہ تیسرا انعام 5 لاکھ روپے دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=541047