محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبہ میں گندم کی کاشت کیلئے1 کروڑ 60  لاکھ ایکڑ کا ہدف مقرر

155
Wheat crop
Wheat crop

مظفرگڑھ۔ 07 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبہ میں گندم کی کاشت کیلئے1 کروڑ 60  لاکھ ایکڑ کا ہدف مقرر کیاگیا ہے اور محکمہ زراعت پنجاب پر امید ہے کہ 2 کروڑ 56 لاکھ ٹن پیداوار حاصل ہوگی۔گندم کے 10 ہزار نمائشی پلاٹ قائم کئے جائیں گے،جنہیں 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دی جائے گی ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق امسال صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار کےلئے ایک کروڑ 60 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،محکمہ زراعت پر امید ہے کہ اس سے 2 کروڑ 56 لاکھ ٹن پیداوار حاصل ہو گی،اس وقت کاشتکار گندم کی کاشت کےلئے بیج،کھاد اور مشینری کا بندوبست کر رہے ہیں،گندم کی کاشت کا عمل تیزی سے جاری ہے،

ترجمان محکمہ زراعت ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں نے کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں میڈیا اور کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشت کاروں کو چاہیئے کہ 30 نومبر تک کاشت کا عمل مکمل کر لیں، زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک کریں،پانی کا استعمال فصل کے اہم مراحل پر یقینی بنائیں،انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ کی ہدائت پر گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلئے ترقی داد اقسام کے بیج،کھاد، معیاری زہروں اور دیگر زرعی مداخل کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،اس سلسلے میں محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،

محکمہ زراعت کے زرعی کارکن کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کےلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں،محکمہ زراعت پنجاب کے تحت کاشتکاروں کی راہنمائی کی جا رہی ہے کہ وہ گندم کی کاشت کےلئے متناسب اور مناسب کھادوں کا استعمال کریں، سفارش کردہ شرح بیج استعمال کریں،اور سفارش کردہ اقسام کے بیج استعمال کریں،اس کے علاوہ بجائی کے وقت کا خاص خیال رکھیں،30 نومبر تک بجائی کا عمل مکمل کر لیں،اور کاشت ڈرل کے زریعے کریں،

انہوں نے بتایا کہ نمائشی پلاٹس کےلئے قرعہ اندازی کی جا چکی ہے،صوبہ بھر میں 10 ہزار نمائشی پلاٹ قائم کئے جائیں گے اور منتخب پلاٹس کے مالکان کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ دیئے جائیں گے،انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے مقرر کردہ 40 من فی ایکڑ پیداوار کے ہدف کا حصول ممکن بنانے کےلئے محکمہ زراعت پر عزم ہے،انہوں نے کہا کہ سیکرٹری زراعت نادر چٹھہ گندم کی پیداوار مہم کی خود نگرانی کریں گے۔