فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):محکمہ- پیسٹ وارننگ کے افسران کو کسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے روزانہ فیلڈ وزٹ کرکے کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ چونکہ بعض علاقوں میں معمولی سطح پرکپاس کی فصل پر رس چوسنے والے کیڑوں،سبز تیلہ،سفید مکھی اور گلابی سنڈی کا حملہ مشاہدہ میں آیاہے اسلئے اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ چند جگہوں پر گلابی سنڈی کا حملہ مشاہدے میں آیا ہے لہٰذا اس کا انسداد سب سے پہلے کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کیڑوں کا حملہ اگر معاشی نقصان کی حد یعنی سبز تیلہ ایک بالغ یا بچہ فی پتا، سفید مکھی 5بالغ یا بچے فی پتا یا دونوں ملا کر 5فی پتہ اور گلابی سنڈی 5سنڈیاں فی 100نرم ٹنڈے سے زیادہ نظر آئے تو کیڑوں کے انسداد کیلئے محکمہ زراعت کی طرف سے سفارش کی گئی زہریں ٹرائی ایزوفاس 1000ملی لیٹر یا لیمبڈا سائی ھیلوتھرین 330ملی لیٹر یا گیما سائی ھیلوتھرین 100ملی لیٹر فی ایکڑ استعمال کی جائیں کیونکہ اس سے کیڑوں سے کافی حد تک نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیڑوں کے خلاف زہروں کا استعمال سفارش کی گئی مقدار میں اور بروقت کرنا ضروری ہے بصورت دیگر مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے اور وقت و پیسے کے علاوہ فصل کا بھی نا قابل تلافی نقصان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم فصلوں پر بیماریو ں اور کیڑوں کے حملہ سے بچاؤ کیلئے کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کریں۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں سستی اور تساہل سے کام لینے والے فیلڈ افسران کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔