محکمہ زراعت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہا ہے، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو

165
محکمہ زراعت

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر کاشتکاروں کی فلاح اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ اہم فصلوں کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب نے افسران کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ امسال کپاس کی بحالی کے لئے محکمہ زراعت کی خصوصی ٹیمیں کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہیں،امسال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ گزشتہ سال کی نسبت دوگنا حاصل ہونے کی توقع ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں امسال دھان کی فصل 55 لاکھ ایکڑ سے زائد کاشت ہوئی جس سے اوسط پیداوار کا تخمینہ 54 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔امسال دھان کی برآمد سے 3 ارب ڈالرزرِ مبادلہ کا حصول ممکن ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ امسال صوبہ پنجاب میں فوڈ سیکورٹی کا حصول یقینی بنانے کے لئے گندم کی کاشت کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی جس کے تحت کاشتکاروں کو سبسڈی پر گندم کی منتخب منظور شدہ اقسام کا بیج اور فنی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ امسال کینولہ کی کاشت کے لئے5 ہزار روپے فی ایکڑ جبکہ سورج مکھی کی کاشت کیلئے8 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جا ئے گی تاکہ تیلدار اجناس کے زیرِ کاشت رقبہ میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ زراعت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد کر رہاہے جس سے زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کی جائے گی۔ مستقبل میں اہم فصلات کی ویلیو چین میں بہتری لا کر کثیرزرِ مبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے گا۔