لاہور۔8جنوری (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر معیاری کھادوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سخت کریک ڈان کیا جا رہا ہے۔کاشتکاروں کا استحصال کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس ضمن سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ کی زیرِ نگرانی کھادوں کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ زراعت کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور مہنگے داموں کھادوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں رواں ماہ کے پہلے سات دنوں میں کھادوں کی زائد قیمتوں پر فروخت میں ملوث303 ڈیلرز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
ان میں سے 144 افرادکے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی کرایا گیا ہے اور72افرادکو موقع پر گرفتار کیا گیا۔اس کے علاوہ کھادوں کی زائد قیمت پر فروخت کرنے والے155 ڈیلرز کو34لاکھ41 ہزار روپے سے زائدجرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کھادوں کے3279تھیلے ضبط کئے گئے ہیں۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کاشتکارکھادوں کی ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ کرنے والے عناصر کے خلاف محکمہ زراعت کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر یا ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کو اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ بروز سوموار تا ہفتہ صبح8بجے سے رات8 بجے تک زرعی ہیلپ لائن کے نمبر0800-17000پر بھی اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔شکایت موصول ہونے پرفوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔