فیصل آباد۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے فارمرز ڈیز،سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کافیصلہ کیا ہے۔ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے بتایا کہ یہ فارمرز ڈیز،سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس ہر گاؤں کی سطح پر منعقد کی جائیں گی تاکہ کاشتکاروں میں گند م کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے شعور و آگاہی پیدا کر کے گندم کی شاندار فصل حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت توسیع کی ٹیمیں ضلع فیصل آباد کے 809دیہاتوں میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین موسمی حالات کے باعث رواں سال ہدف سے زیادہ گند م کاشت کی جائے گی تاکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد حکومتی ہدایات کی روشنی میں گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو جدید رجحانات سے آگاہ، پیداواری ٹیکنالوجی سے متعارف، گندم کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری، زیادہ پیداوار اور بہتر قوت مدافعت کی حامل جدید اقسام کے بیجوں کی کاشت، بیجوں کو زہر لگانے، کاشت کے مختلف طریقوں سے روشناسی، مختلف کھادوں کے متوازن استعمال، بروقت آبپاشی کی تکنیک، جڑی بوٹیوں کی تلفی اور دیگر معلومات کی فراہمی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=507190