محکمہ زراعت کسانوں اور فصلوں کاڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرے گا،نظامت زرعی اطلاعات

76
محکمہ زراعت

فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت کسانوں اور فصلوں کاڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرے گاجس کے تحت کاشتکاروں کو معیاری بیجوں، کھادوں سمیت دیگر سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر اضلاع میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ اور زمینداروں، کاشتکاروں، کسانوں کی رہنمائی کیلئے مذکورہ اقدام اٹھانے کافیصلہ کیاگیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس سمیت معاون عملہ کو خصوصی ٹاسک فراہم کیاجارہاہے تاکہ وہ جدید طریقہ کار سے کسانوں کو موسمی حالات سے آگاہی، معیاری بیجوں کے استعمال، بروقت سپرے اور فی ایکڑ ریکارڈ پیداوار کے حصول میں معاون ثابت ہو سکیں۔انہوں نے بتایاکہ کسانوں کی فصلوں اور دیگر امور کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرکے رجسٹریشن سے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور صوبہ میں سرسبز انقلاب کی راہیں بھی ہموار ہو سکیں گی۔