محکمہ زراعت کی پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت شیڈول اور اقسام کے مطابق کرنے کی ہدایت

413
محکمہ زراعت پنجاب

فیصل آباد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت شیڈول اور اقسام کے مطابق کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ فصل کی اچھی اور بہتر پیداوار کیلئے منظور شدہ قسم کاخالص بیج اور کاشت کا وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا گندم کی کاشت کے ضمن میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ گندم کی قسم چکوال 50 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 15 اکتوبر سے 15نومبر تک، این اے آر سی 2009 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20اکتوبر سے 15 نومبر تک، بارس 2009 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20اکتوبر سے 15نومبر تک، دھرابی 2011اور پاکستان 2013پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20اکتوبر سے 15نومبر تک کاشت کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ 20نومبر تک بوائی کیلئے بیج کے اگاؤ کی 85فیصد شرح کا حامل 50کلوگرام فی ایکڑ اور 21 نومبر سے 15دسمبر تک 60 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایاکہ چونکہ گندم کی قسم چکوال 50کی شگوفے بنانے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے لہٰذا اس کی شرح بیج کو 5کلوگرام فی ایکڑ تک کم بھی کیاجاسکتاہے۔