محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو اسپغول کی کاشت فوری شروع کرنے کی سفارش

449
اسپغول

فیصل آباد۔ 07 ستمبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی جانب سے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسپغول کی کاشت فوری طورپر شروع کرکے اگلے ماہ اکتوبر کے وسط تک مکمل کرلیں۔آری کے ترجمان کے مطابق اسپغول کو ہلکی زمین اور گرم مرطوب آب و ہوا میں انتہائی کامیابی سے کاشت کیاجا سکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ اسپغول کے بیج بہت سی بیماریوں کے تدارک کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اور ان میں پایاجانیوالا تیل شریانوں کو سکڑنے اور تنگ ہونے سے بچانے کے علاوہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہاکہ اسپغول معدے کے السر اور بواسیر کا انتہائی شافی علاج ہے جبکہ تشنگی اور گرمی دور کرنے کیلئے بھی سود مند ثابت ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اسپغول کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کی غرض سے 3سے4 مرتبہ ہل چلائیں اور پھرسہاگہ پھیر کر زمین کوباریک کر لیں۔ انہوں نے کہاکہ گوبر کی گلی سڑی کھاد 5سے 6گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار فصل حاصل ہوسکتی ہے۔