فیصل آباد۔ 20 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو جو کی کاشت رواں ہفتے کے دوران مکمل کرنے کامشورہ دیا گیا ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہاکہ جو کی فصل اتنی سخت جان ہوتی ہے کہ اسے تمام قسم کی زمینوں بشمول کمزور، ذرخیز، ریتلی، کلراٹھے رقبوں پر بھی آسانی سے کاشت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار وں کو جو کی اچھی افزائش نسل کیلئے زمین کی تیاری کی جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کیلئے صاف ستھرا اور صحت مند 30سے35کلوگرام فی ایکڑ ایسا بیج استعمال کریں جس کے اگاؤ کی شرح 85فیصد سے زیادہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ جو کی فصل پر کنگھی، کانگیاری، اکھیڑا اور پتے کے ساڑ جیسی بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں اسلئے کاشتکار محکمہ زراعت توسیع کے عملے کی مشاورت سے بیج کو پھپھوند کش دوائی لگا کر کاشت کریں۔