محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو دنبی سٹی اور جنگلی جئی کے خاتمہ کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سپرے کی ہدایت

116
Wheat crop
Wheat crop

فیصل آباد۔ 01 فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزنے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی اس لئے بھی ضروری ہے کہ اگر جڑی بوٹیوں کا بیج ایک سال پک جائے تو یہ 7سال تک متواتر اگتا اور فصل کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے لہٰذا دنبی سٹی اور جنگلی جئی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سپرے کیا جائے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرپلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت فیصل آباد ڈاکٹرعا مر رسول نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے زمینداروں، کاشتکاروں،کسانوں کو ہدائت کی کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول اور فصل کو ہر قسم کی بیماریوں سے بچانے کیلئے گندم کی فصل پر دوپہر کے وقت ٹی جیٹ نوزل کے ذریعے سپرے یقینی بنائیں اور فصل میں موجود جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں کیونکہ جڑی بوٹیاں گندم کی پیداوار کو 42فیصد تک نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کو تین مراحل میں پانی دینا ضروری ہے۔انہوں نے بتا یا کہ پہلا پانی جھاڑ کی حالت میں، دوسرا پانی گوبھ کی حالت میں اور تیسرا پانی دودھیا حالت میں دیا جائے۔