محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو پیاز کی پنیری رواں ماہ کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد۔ 08 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پیاز کی پنیری رواں ماہ کھیتوں میں منتقل کر نے کی ہدایت کی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ پنیری کی منتقلی سے قبل پانی روکنے کےلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے تاہم پودے آسانی سے نکلنے کےلئے پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے 2گھنٹے قبل اچھی طرح پانی دے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنیری کو جڑیں ٹوٹنے سے بچانا بھی اشد ضروری ہے کیونکہ جڑ ٹوٹنے کی صورت میں پنیری کے پھلنے پھولنے کے امکانات انتہائی معدوم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکارزمین کی تیاری کے لئے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعد میں 2مرتبہ کلٹی ویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید معلومات ارو رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رجوع کر سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=543749