محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو کپاس کی چھڑیوں کو ہلانے اور گرے ہوئے ٹینڈوں و پتوں کو جلانے کی ہدایت

131
Cotton

فیصل آباد۔ 20 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گلابی سنڈی کے لاروا کو ختم کرنے کیلئے کپاس کی چھڑیوں کو ہلانے اور گرے ہوئے ٹینڈوں و پتوں کو جلانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار کپاس کے ڈھیروں پر جنسی پھندے لگائیں اور گلابی سنڈی کا حملہ نقصان کی معاشی حد پانچ لاروے فی 100 ٹینڈے ہونے پر مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا استعمال کریں تاکہ اس سنڈی کا بروقت سد باب کیا جا سکے۔

شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر رسول نے بتایاکہ محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی رپورٹ کے مطابق ضلع لودھراں کی تحصیل لودھراں،دنیا پور،کروڑپکا،بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ، یزمان، حاصل پور،بہاولنگر کی فورٹ عباس اور ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور،لیاقت پوراورصادق آبادمیں اکادکا مقامات پر کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کی معمولی علامات مشاہدے میں ۱ٓئی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ رپورٹ کے مطابق یہ علامات گزشتہ سال کے0.15فیصد کی نسبت 1.73فیصد ہے لہٰذا کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سنڈی کے انسداد کیلئے مقامی عملے سے مشورہ کرکے گلابی سنڈی کو کنٹرول کریں کیونکہ اس سے نہ صرف کپا س کی پیداوار کم ہوتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ہفتہ میں 2بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ بھی یقینی بنائیں۔