محکمہ زراعت کی کپاس کے کاشتکاروں کو فصل میں اجزائے کبیرہ وصغیرہ کے بروقت و مناسب استعمال کی ہدایت
فیصل آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو فصل میں اجزائے کبیرہ وصغیرہ کے بروقت و مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے ، کپاس میں بور ان کی کمی سے بچنے اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے ماہرین زراعت کے مشوروں پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے کہا کہ نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم پر مشتمل اجزائے کبیرہ اور آئرن، زنک و بوران پر مشتمل اجزائے صغیرہ کا بروقت استعمال اشد ضروری ہے کیونکہ کپاس کے پودے کو اگاؤ سے ٹنڈوں کے بننے تک نائٹروجن کی بھر پور ضرورت بالخصوص پھول بنتے وقت پودے کو سب سے زائد مقدار میں نائٹروجن درکار ہوتی ہے۔ خالد اقبال نے کہا کہ نائٹروجن کی کمی کی علامات سب سے پہلے کپاس کے پودوں میں نچلے پتوں پر ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں جس سے پتوں کا رنگ پیلا پڑنا شروع ہوجاتاہے اور بڑھوتری رکنے کے ساتھ ساتھ ٹینڈے سوکھ کرگرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بور ان کی کمی سے پھول کا سائز اوروزن کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ انہیں بعد ازا ں کسی قسم کی پریشانی، مشکل یا مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔