34.9 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومزرعی خبریںمحکمہ زراعت کی گندم سٹور کرنے بارے سفارشات جاری ، کیڑے مکوڑوں...

محکمہ زراعت کی گندم سٹور کرنے بارے سفارشات جاری ، کیڑے مکوڑوں سے بچاؤ کےلئے سپرے اور گوداموں کو 48 گھنٹے ہو ابند رکھنے کی ہدایت

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گندم سٹور کرنے بارے ضروری سفارشات جاری کی ہیں جن میں گندم سٹور کرنے سے قبل کیڑے مکوڑوں سے بچاؤ کےلئے سپرے اور گوداموں کو 48 گھنٹوں کےلئے ہو ابند رکھنے کی ہدایت کی ہے ،جو افراد گندم کو ذخیرہ کرنا چاہتے ہوں وہ پہلے سٹورز کی اچھی طرح صفائی کرتے ہوئے زہر کے محلول کا سپرے یقینی بنائیں تاکہ گودام ہرقسم کے کیڑے مکوڑوں اور دیگر بیماریوں سے پاک ہو جائے۔

یہ بات ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ سپرے کے بعد گودام کو 2دن کےلئے مکمل طور پر ہوا بند رکھا جائے تاکہ اس کے دیر پا اثرات مرتب ہونے سمیت اس میں موجود ہرقسم کے کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ جب گودام کو کھولا جائے تو کوئی بھی شخص 4سے6گھنٹے تک گودام میں داخل نہ ہو تاکہ اس کے زہریلے اور مضر صحت اثرات سے بچنا ممکن ہو سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ گودام میں کیڑے مکوڑوں کے حملے سے بچاؤ کےلئے ایلومینیم فاسفائیڈ، میتھائل برومائیڈ اور سوڈیم سایانائیڈوغیرہ کا استعمال کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہر 15دن بعد سٹور کا معائنہ بھی جاری رکھنا چاہیے تاکہ گندم کو ہر قسم کے نقصان سے بچایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں تاکہ گند م کو حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانا ممکن ہوسکے۔

انہوں نے بتایاکہ گندم کو محفوظ کرنا بڑا مسئلہ ہے جس کےلئے کاشتکاروں، کسانوں اور عام افراد کو خصوصی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام طور پر کاشتکار اور بڑی تعداد میں گھریلو افراد سال بھر کی گندم لے کر گھروں یا ڈیروں پر بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ گندم حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے سے خراب ہوناشروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دیہاتوں میں کسان کھانے اور بیج کےلئے اناج تقریباً ایک ہی جگہ ذخیرہ کرلیتے ہیں ، اس مقصد کےلئے وہ پٹ سن کی بوریوں میں اناج بھر کر گھر کے کمروں یا برآمدوں میں اینٹوں کے اوپر یا لکڑی کے تختوں پر رکھ دیتے ہیں اسی طرح بعض افراد صحن میں رکھے گارے یا لوہے کے بھڑولوں میں بھی اناج ذخیرہ کرتے ہیں جنہیں حشرات الارض کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی بیشی بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے گندم کو خراب ہونے سے بچایاجاسکتاہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585760

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں