لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مشینی کاشت پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے 35قسم کے زرعی آلات /مشینری60 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہے۔اس پروگرام کے تحت ایک کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔کاشتکاروں کو مشینری کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر مقرر کردہ کوٹہ کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کی موجودگی میں ہفتہ کے روز شفاف قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع کی طرح ملتان میں بھی ضلعی سطح پر کاشتکاروں کو زرعی مشینری و آلات کی فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس ضمن میں ضلع ملتان کے 9 مراکز میں کل 305 کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کروائیں جبکہ سکروٹنی کے بعد238درخواستوں پر قرعہ اندازی کا انعقاد ہوا جس کے تحت ضلع ملتان کے27 کاشتکاروں کے بذریعہ شفاف قرعہ اندازی زرعی آلات ومشینری کیلئے منتخب ہوئے۔ ملتان میں منعقدہ تقریب میں سابق رکن صوبائی اسمبلی رانا اعجاز احمدنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا اعجاز احمد نون کا کہنا تھا کہ ٹرانسفار منگ پنجاب ایگریکلچر پلان وزیر اعلی پنجاب کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت مشینی زراعت کے فروغ سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
کاشتکاروں کو سبسڈی پرزرعی آلات و مشینری کی فراہمی کا یہ منصوبہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشینی زراعت کے فروغ سے کاشتکارزمین کی تیاری سے فصلوں کی کاشت و برداشت تک کاشتی امور کی بروقت انجام دہی ممکن بناسکتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ حارث عبداللہ نے کہا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکار اپنی مرضی کے زرعی آلات منتخب کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=538280