محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں اصلاحات لارہے ہیں، حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کرنل (ر) وقار احمد نور

81

مظفر آباد ۔31اکتوبر (اے پی پی):سینیئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں اصلاحات لارہے ہیں۔ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں کوئی گاڑی نہیں خریدی۔ ریشنلائزیشن کی پالیسی کو فوقیت دے رہے ہیں۔ موجودہ حکومت گاڑیوں کی تین آکشن کرچکی ہے۔ پہلے آکشن سے حکومت کو 4 کروڑ روپے کی بچت ہوئی، دوسری نیلامی سے 8 کروڑ کی بچت کے ساتھ تیسرے ہونے والے آکشن میں تقریبا 7 کروڑ روپے تک بچت کی امید ہے۔

بائیومیٹرک کے نظام میں 50فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ بائیو میٹرک میں ڈیوائیسز کی انسٹالیشن کے ساتھ موبائل ایپس بھی متعارف کروا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی بی کے ساتھ مل کر بائیومیٹرک ایپ کی انسٹالشن سے ملازمین کی لوکیشن سے متعلق ابہام کا خاتمہ ہوگا۔ ای گورننس کو فروغ دے کر قومی خزانے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی بہتری لارہے ہیں۔ پبلک سروس کمیشن کے امتحان سے 370 پوسٹس حکومت نے میرٹ کے ساتھ فل کر دی ہیں۔ سیکشن آفیسرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے امتحانات کے بعد چند دنوں میں رزلٹ آنے والے ہیں۔

محکمہ پولیس آزاد جموں و کشمیر کی عملی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے 19 نئی گاڑیاں پولیس کے حوالے کی گئی ہیں ۔پولیس کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے 6 بسیں بھی حکومت کی جانب سے مہیا کی گئی ہیں۔دوسرے فیز میں پولیس کی خراب گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اینٹی رائٹ پولیس کے تین بیجیز پاس آؤٹ ہوچکے ہیں۔ حکومت نے سیکیورٹی استعداد کار کے لیے 100 ایس ایس جی سپیشل کمانڈو بھی انڈکٹ کیے اور 1000 رینجرز آزادکشمیرکے حوالہ سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پولیس کے دائر کار کو بڑھانے کے لیے 5 نئے تھانے بھی بنائے گے ہیں جبکہ ان میں سٹاف کے لیے بھی علیحدہ آسامیاں دی گئی ہیں۔

ہم پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈرآرڈیننس متعارف کروا رہے ہیں جس کے باعث شہری کے جمہوری حقوق کے ساتھ ساتھ شہری کے لیے احتجاج کے دائرہ کار کا تعین کیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے جون 2023 میں 6 ارب کی ادائیگی کی ہے۔ کے ڈی پی کا 70 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے۔ تعمیر کشمیر پروگرام کے ذریعے 50 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ای ٹینڈرنگ گیم چینجرمنصوبہ تھا اس منصوبہ سے بڑی بچت ہوئی اور شفافیت کا نظام قائم ہوا۔ رٹھوعہ ہریام کا زیرالتواء منصوبہ پر کام کا آغاز ہوگیا۔ شاہ سلطان پل منصوبہ بھی موجودہ حکومت نے مکمل کیا ہے۔

آٹھ مقام سے شاردہ روڈ مکمل اسفالٹ ہوگئی ہے ۔کیل سے تاؤ بٹ 9 کلو میٹر روڈ، تاؤ بٹ پر دوسری 10 کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا وزیراعظم کی جانب سے اعلان، پونچھ میں گوئی نالہ کا مکمل کام، تتہ پانی تا کوٹلی روڈ کے ساتھ ساتھ چھتر کلاس ڈنہ روڈ کا منصوبہ بھی تکمیل کے قریب تر ہے۔ کوٹلی ٹو نکیال روڈ بھی مکمل ہوچکی ہے۔کومی کوٹ، گڑھی دوپٹہ کی تکمیل کے ساتھ ساتھ میرپور میں اقبال روڈ پر بھی کام جاری ہے۔ سی ایم ایچ دلائی اوور مظفر آباد کو بھی مزید ایک سال یعنی 2025 کے اندر مکمل کرلیں گے۔ سی ایم ایچ منصوبہ سے متعلق سلیپ بارے رپورٹ مانگی ہے۔

وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی تین روپے فی یونٹ دی جارہی ہے۔ محکمہ توانائی و آبی وسائل میں تنظیم نوع کی ہے۔ میکانیزم کو موثر بنانے کے لیے محکمہ کی تنظیم نوع سے 2 ڈویژنز اور 12 سب ڈویژنز بنائے گئے انھوں نے کہا کہ تنظیم نو کے تحت محکمہ میں 800 سے 1000صارفین کے لیے ایک میٹر ریڈر 1500 صارفین کے لیے تین اسسٹنٹ، 2000 سے 2200 صارفین کے لیے ایک ہیڈ لائن مین، 3000 ہزار کے لیے ہیڈ سپریٹنڈنٹ تعینات کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی چوری کے حوالے سے زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے ۔

وزیر صحت عامہ آزادکشمیر نثار انصر ابدالی نے کہا کہ پران231 فرسٹ ہیڈ پوسٹوں پر تعیناتیاں کیں ہیں۔ ایم این سی ایچ کو دوسال کی ایکسٹینشن دی ہے۔ این جی اوز کے تعاون سے سائوتھ میں تین ارب اور نارتھ میں 4 ارب سے زیادہ کے منصوبے مکمل ہونے جارہے ہیں۔ ہیلتھ کا بجٹ دوگنا کیا ہے۔ تینوں میڈیکل کالجز کے ساتھ نرسنگ سکول شروع کرنے جارہے ہیں۔ کوٹلی میں برن سینٹر کا قیام عمل میں لارہے ہیں ، آزادکشمیر میں بہت جلد کڈنی ٹرانسپلانٹ کی سہولت موجو د ہوگی۔پریس کانفرنس میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ ٹرانسفر پالیسی تیار ہوچکی ہے۔

180 کالجز میں 450 خالی آسامیوں پر ریکویزیشن پی ایس سی کو بھیج دی ہے۔ تعلیمی اداروں میں سٹاف اور سہولیات کو پورا کیا جارہا ہے۔ وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف نے کہا کہ ٹیوٹا نے ڈیجیٹل ویب سائٹ پر لوگوں کے لیے تمام معلومات فراہم کردی ہیں۔ مدارس میں آئی ٹی کی تعلیم دینے جارہے ہیں۔ تینوں ڈویژن میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام آٹو ورکشاپس کو فعال بنایا جارہا ہے۔

وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیا قمر نے کہا کہ پیپر لیس ماحول کی طرف جارہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں پہلا ٹیلی ہیلتھ سینٹر قائم کرنے جارہے ہیں۔ وزیر وائلڈ لائف و ترقیاتی ادارہ مظفر آباد جاوید ایوب نے کہا کہ مظفر آباد شہر کے پاس پلوں پر لائیٹنگ ، پارکس کو بہتر، واک وے کو بحال اور بڑی بلڈنگ پر چراغاں کیا جائے گا۔ وزیر خوراک آزاد کشمیر چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی فعال ہے، آٹے اور گندم کی سمگلنگ کو ختم کیا گیا ہے۔