محکمہ سماجی بہبود و امورِ نوجوانان، حکومتِ گلگت بلتستان اور بائنری ہب کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور خطے میں سماجی و معاشی ترقی کو مستحکم بنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
محکمہ سماجی بہبود و امورِ نوجوانان، حکومتِ گلگت بلتستان اور بائنری ہب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
گلگت۔ 18 جون (اے پی پی):محکمہ سماجی بہبود و امورِ نوجوانان، حکومتِ گلگت بلتستان اور بائنری ہب کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور خطے میں سماجی و معاشی ترقی کو مستحکم بنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے نوجوانوں کی ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، ڈیجیٹل مہارتوں، جدت طرازی اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ اس تعاون کے ذریعے ایسے پروگرام ترتیب دیے جائیں گے جو نوجوانوں کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ عملی اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کریں گے، تاکہ وہ جدید دور کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
اس موقع پر سیکریٹری امورِ نوجوانان منصور عالم کی نوجوانوں کی ترقی، صلاحیتوں کے فروغ اور انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا گیا۔ شرکاکا کہنا تھا کہ ان کی مؤثر قیادت اور وژن کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے جدید تربیتی پروگراموں، ہنرمندی کے مواقع اور استعدادِ کار میں اضافے کے متعدد اقدامات متعارف کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بائنری ہب کے ساتھ یہ اشتراک انہی کوششوں کا تسلسل ہے، جو گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع تک رسائی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت سماجی بہبود، تعلیم، اختراع اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ ان کے مطابق اس تعاون کے ذریعے گلگت بلتستان بھر میں نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے مؤثر اور پائیدار منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف نوجوانوں کی ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی ممکن ہوگی بلکہ خطے کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔








