محکمہ سوشل ویلفیئر اور پولیس کی مشتر کہ کارروائی ، سٹی نالے سے 150سے زائد منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لے لیا گیا

118

کوئٹہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر اور پولیس نے مشتر کہ کارروائی کر تے ہو ئے سٹی نالے سے 150سے زائد منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لے لیا ۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر شجاعت علی کھوسہ کے مطابق منشیات کے عادی افراد کے خلاف وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی نورزئی کی ہدایت پر کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ان افراد کو بہتر انداز زندگی کی طرف راغب کرنے اور علاج کی غرض سے سوشل ویلفیئر ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کیا گیا ۔

ڈی جی سوشل ویلفیئر شجاعت علی کھوسہ نے کہا کہ معاشرے کے ان افراد کی بہتر زندگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائینگے ،منشیات ناسو ر کی شکل اختیار کر چکی ہے ،نوجوان لڑکے بڑی تعداد میں منشیات کے عادی ہو رہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے ان منشیات کے عادی افراد کا بہترین علاج معالجہ کیا جا ئے تا کہ یہ لو گ بھی معاشرے میں ایک شہری حیثیت سے رہ سکیں۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر شجاعت علی کھوسہ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے والدین، مخیر حضرات ، سماجی ورکرز سب کو مل کر حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔