ملتان ۔ 01 جنوری (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملتان کے ادارے شیلٹر ہوم میں 2024 ءجنوری سے دسمبر تک 503 خواتین نے 145 بچوں سمیت پناہ لی۔شیلٹر ہوم میں خواتین اور بچوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
جن میں خوراک، رہائش، طبئ امداد، قانونی مشاورت اور نفسیاتی معاونت شامل ہیں۔شیلٹر ہوم کی انچارج کومل اعجاز نے اے پی پی کو بتایا کہ خواتین کو ادارے میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بنانے کیلئے سلائی کڑھائی بھی سکھائی جاتی ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار بنیں۔انہوں نے کہا کہ شیلٹر ہوم میں مقیم خواتین کی تعداد وقتا فوقتا تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
گزشتہ پانچ سالوں میں شیلٹر ہوم میں 2006 خواتین نے پناہ لی، جن کے ساتھ 702 بچے بھی شامل تھے۔ان میں سے زیادہ تر خواتین شادی شدہ تھیں ،اور کچھ نے پسند کی شادی کے لئے گھر چھوڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ شیلٹر ہوم میں خواتین کو تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں،
جن میں ٹی وی دیکھنے اور جم کی کلاسز بھی شامل ہیں۔مزید برآں، خواتین کو ان کو ان کے قانونی حقوق بارے آگاہی دینے کے لئے مختلف پروگرامز کا بھی انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔شیلٹر ہوم میں خواتین کی حفاظت اور بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جاریے ہیں تاکہ وہ معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔