محکمہ سول ڈیفنس نے سال 2023 کی کار کر دگی رپورٹ جاری کر دی

396
محکمہ سول ڈیفنس نے سال 2023 کی کار کر دگی رپورٹ جاری کر دی

فیصل آباد ۔ 03 جنوری (اے پی پی):سول ڈیفنس نے سال 2023ء میں ایل پی جی گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے مالکان اور ورکرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 371 مقدمات درج کرائے اور 502 غیر قانونی دکانوں کو موقع پر سربمہر اور سامان ضبط کرلیا گیا۔

سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس نے سالانہ کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منی پٹرول پمپس اور ڈبہ اسٹیشنز کے ذریعے کھلے پٹرول کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے مالکان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 274 پٹرول ڈسپنسرز/ڈیجیٹل سکیلز اور 154 ڈبہ اسٹیشنز کو ختم کرکے پٹرول ودیگر سامان کو قبضہ میں لے لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 132 غیر قانونی پٹرول ایجنسیز/پٹرول شاپس کو موقع پر سیل کرایا گیا۔

سول ڈیفنس آفیسر نے بتایا کہ انٹرکشنل سٹاف کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں،انڈسٹریل اینڈ کمرشل سیکٹرز،سرکاری دفاتر اور سول ڈیفنس وارڈن پوسٹ میں 230 سول ڈیفنس فائر فائٹنگ،فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ کلاسز میں 11 ہزار سے زائد افراد کو تربیت فراہم کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ انسٹرکشنل سٹاف کی جانب سے 3702 مختلف ٹیکسٹائل ملز،ویونگ فیکٹریز،پٹرول پمپس،فلورملز،بلند وبالا عمارات، کولڈ سٹوریج ودیگر اداروں میں آگ بجھانے/فائر سیفٹی انتظامات کا معائنہ کیا گیا اور نامکمل انتظامات پر 801 اداروں کو نوٹس جاری،715 کے چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوائے جس پر عدالت نے24 لاکھ 8 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا۔

سول ڈیفنس آفیسر نے غیر قانونی کاروبار کرنے اور فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ کرنے والے مالکان کو متنبہ کیاکہ وہ انتظامات مکمل اور غیر قانونی کاروبار سے بازرہیں بصورت دیگر وہ سخت قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔