23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورچائلڈ لائف فائونڈیشن کے مابین معاہدہ...

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورچائلڈ لائف فائونڈیشن کے مابین معاہدہ طے پا گیا

- Advertisement -

لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورچائلڈ لائف فائونڈیشن کے مابین تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب پیر کے روز چلڈرن ہسپتال ملتان میں منعقد ہوئی۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔معاہدے کی رو سے چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی کو بہتر بنایا جائے گا،چائلڈ لائف فائونڈیشن چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔معاہدے پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان اورچائلڈ لائف فائونڈیشن کے عہدیدارنے دستخط کئے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورچائلڈ لائف فائونڈیشن کے مابین معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی میں طبی سہولیات کو بہتر بنایاجائے گا۔وزیراعلی نے معاہدے پر مبارکباد بھی دی۔معاہد ے پر دستخطوں کے بعد وزیراعلی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کابینہ کااجلاس ملتان میں منعقدہوا،آج اور کل بھی پوری ٹیم یہیں موجودر ہے گی، ہسپتالوں کی بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں، نشتر ہسپتال ٹو بھی اسی سال مکمل کرلیاجائے گااور چائلڈ کیئر میں 3ماہ میں ایمرجنسی فعال کردی جائے گی۔

- Advertisement -

وزیراعلی نے کہا کہ زراعت کی ترقی بھی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، شجاع آباد میں بریج کی تعمیرکا کام جلد شروع ہوجائے گااوریہاں سڑکو ں کی تعمیرومرمت بھی جلد شروع ہو جائے گی،نواب پور روڈ کافی عرصے سے خراب تھی، اس کی مرمت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لئے وزرا کی ایک کمیٹی بنائی ہے جس طرح کپاس میں 3 بلین ڈالر بچائے ہیں،اسی طرح گندم، خوردنی تیل اور دیگر اشیا سے بھی بچت کریں گے،حکومت کے زرعی اقدامات کے آئندہ 2 سے4ماہ میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے،محدود وقت میں جتنے پراجیکٹس مکمل کرسکے کریں گے، جنوبی پنجاب پہلے دن سے ہمارے فوکس پر ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو جتنا ریلیف دے سکے دیں گے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر سمگلنگ روکنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس بچے کا دل جسم سے باہر ہے وہ بچہ اسی ہسپتال میں زیر علاج ہے، بچے کے علاج کیلئے لاہور سے ڈاکٹرز کی ٹیم آچکی ہے، ڈاکٹرز کی ٹیم جلدبچے کو لاہور شفٹ کرے گی، بچے کے والد نے علاج کیلئے بچے کو ہمارے حوالے کردیا ہے، انشا اللہ ،اللہ تعالی بہتر کرے گا۔ بعدازاں نگران وزیراعلی پنجاب نے چلڈرن ہسپتال ملتان میں زیر علاج جسم کے باہر دل کے مرض میں مبتلا بچے عبداللہ کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے بچے عبداللہ کی صحت کے بارے دریافت کیا۔

وزیر اعلی نے بچے کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے بچے کے والد قاسم سے ملاقات کی اور بچے کے علاج معالجے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ بچے کو علاج معالجے کیلئے لاہور منتقل کیا جائے گا، پنجاب حکومت بچے کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی، چلڈرن ہسپتال لاہور کے ڈاکٹرز نے بھی بچے کا معائنہ کیا،متاثرہ بچے کے دل میں سوراخ بھی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389302

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں