کراچی۔ 12 اگست (اے پی پی):محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے آرٹس کونسل کراچی میں جشن آزادی و معرکہ حق کے سلسلے میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے طالبہ و طالبات کی وطن سے محبت کے جذبے کی داد دی اورکہا کہ ہم جس دھرتی سے تعلق رکھتے ہیں اس کا پہلا تاریخی پیغام امن ہے اور اس کو خراب کرنے اور ہمارے ملک کے خلاف جنگ مسلط کرنے والے کسی بھی دشمن کو جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص معرکہ حق ثابت ہوا، سب سے بڑا حق اپنے وطن اور اپنے لوگوں کی حفاظت کرنا ہے۔
اس موقع پرکراچی ڈویژن سے شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کی تقاریر، ٹیبلوز اور مختلف پرفارمنس نے وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیاں منانے کا مقصد آزادی کی نعمت کا شکر ادا کرنا اورنئی نسلوں کو اس کی اہمیت سے روشناس کروانا ہے۔ سید سردار علی شاہ نے طالبہ و طالبات کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کا پاکستان روشن خواب کی تعبیر کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ وطن کی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں، خاص طور پر تعلیم کے میدان میں اپنی صلاحیت منوائیں۔اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، اسپیشل سیکریٹری سید جنید، ڈائریکٹر اسکولز کراچی، کراچی کے ضلعی و تعلقہ کے افسران، اساتذہ و طلبا ء نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔