محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ڈینگی کے حوالے سے سالانہ ڈیٹا جاری کر دیا

113

پشاور۔ 26 دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ صحت خیبرپختونخوا محمود اسلم نے کہا ہے کہ سال 2023 میں ڈینگی کے 20566 مُشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔19013 کیسز کی سکریننگ کے بعد 747 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی جبکہ امسال ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ پچھلے سال کے 22960 کیسز کی نسبت امسال کیسز 747 رپورٹ ہوئے۔

یہ تفصیلات انہوں نے منگل کے روزایک بیان میں جاری کیں۔سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت امسال ڈینگی کیسز میں 97 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، محدود وسائل اور فنڈز کی کمی کے باوجود شہری دفاع و دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، پورے پاکستان میں خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا تلف کرنے کی مد میں ایک کروڑ سے زائد گھروں کی چیکنگ کی گئی، 9 ہزار سے زائد گھروں کے اندر ڈینگی لاروا کی موجودگی پر لاروا کُش ادویات ادویات کا استعمال کیا گیا جبکہ تین کروڑ سے زائد ممکنہ لاروا رکھنے والی جگہوں کا معائنہ کیا گیا۔ ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم میں لیڈی ہیلتھ وزیٹرز نے 2 لاکھ سے زائد آگاہی پیغامات پہنچائیں، ڈینگی آگاہی واک سمیت 4462 آگاہی لیکچرز دیے گئے ہیں، محکمہ صحت و لائن ڈیپارٹمنٹس کے ملازمین ہزاروں ڈینگی کیسز 747 تک محدود کرنے پر داد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے اس حوالے سے علمائے کرام، ڈویژنل کمشنرز سمیت صوبہ بھر کے ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ علما ئے کرام پولیو مہم سمیت دیگر حکومتی اقدامات کے حوالے سے عوام میں آگہی بیدار کرنے کے لئے مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔