پشاور۔ 28 دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر کی ہدایت پرنشہ آورادویات کی بڑھتی ہوئی غیر قانونی فروخت اورذخیرہ کے خلاف صوبے کے مختلف اضلاع میں خصوصی مہم کا آغازکر دیا ہے،سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر نے بتایا کہ محکمہ صحت کو صوبہ بھرسے نشہ اورادویات کی تجارت کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس پرخیبرپختونخوا ڈرگ رولز 1982 (ترمیم شدہ 2017) کے شیڈول B اور G کے تحت کارروائی کا عمل شروع کیا ہے۔
ڈائریکٹرجنرل آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز، خیبر پختونخوا نےسیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیرکو رپورٹ جمع کروادی ہے جس کے مطابق ڈرگ انسپکٹرزنے 26 اور27 دسمبر کو اپنے متعلقہ اضلاع میں کریک ڈاون کے نتیجے میں متعدد میڈیکل سٹوروں کے خلاف کارروائی کی ہیں، رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں میڈیکل سٹورزکے معائنے کے نتیجے میں منشیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، ایبٹ آباد میں 43 میڈیکل سٹورز کا معائنہ کیا گیا، جن میں 9 کے خلاف کارروائی کی گئی،
اسی طرح بنوں، بونیر، چترال، ڈی آئی خان، مردان، ہری پور، مانسہرہ، لکی مروت، نوشہرہ، اورکزئی، دیر لوئر، صوابی، کوہاٹ، مالاکنڈ، شمالی وزیرستان، سوات، چارسدہ اورٹانک میں بھی ایسی ہی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں کے خلاف ایکشن لیا گیا،سیکرٹری صحت نے صوبے میں نشہ اورادویات کی غیر قانونی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک اس مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے،انہوں نے کہا ہے کہ مجرموں کے خلاف شروع کیے گئے مقدمات کی ابتدائی تفتیش ڈرگ انسپکٹرز کے ذریعے کی جائے گی اورصوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ (PQCB) سے اجازت ملنے پر انہیں عدالتی کارروائی کے لیے ڈرگ کورٹ میں بھیجا جائے گا۔