محکمہ صحت کے زیر اہتمام پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے شعور اجاگرکر نے کیلئے سیمینار کا انعقاد

98
Polio

مظفرگڑھ۔ 05 جنوری (اے پی پی):محکمہ صحت کے زیر اہتمام پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے شعور اجاگر نے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر ظفر عباس نے کہا کہ2ممالک کے علاوہ جس میں پاکستان بھی شامل ہے دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کے مستقل خاتمے کیلئے اپنے 5سال تک کی عمر کے ہر بچے کو ہر بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور اپنے ارد گرد مقیم والدین کو بھی اس کی ترغیب دیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر فرد اپنی اپنی سطح پر کوشش کرے تو وہ دن دور نہیں جب ہم اس مرض کو ملک بھر سے ختم کردیں گے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار حید ر نے کہا کہ ملک سے پولیو کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ اس وقت ممکن ہے جب معاشرے کے ہر طبقہ اور ہر فرد اس کے خلاف کھڑا ہو اور ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ذمہ داری سے پلائے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دے۔

اس موقع پر ڈاکٹر اسد نے کہا کہ کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے توجہ کے بغیر ہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے معاشرے میں لوگ قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں۔ڈاکٹر شاہد نے پولیو کی وجہ سے بچوں میں پائی جانے والی معذوری کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کہیں گے 15سال تک کی عمر کے بچوں میں اچانک کوئی معذوری نظر آئے تو ان کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اس کی مدد کی جاسکے۔

سیمینار میں سائیکوپ کی چیئر پرسن ام کلثوم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں ہم بھی اپنی سطح پر حکومت کے ساتھ ہیں نہ صرف عوام میں شعور بیداری کیلئے کام کرتے ہیں بلکہ اپنی خدمات بھی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائے، انجمن تاجران کے نمائندہ مشرف علی نے کہا کہ اپنے علاقوں، گلی اور محلوں میں پولیو سے بچاؤ کی ٹیموں کی ہر ممکن معاونت کی جائیگی اور ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔سیمینار میں محکمہ صحت کے افسران نے سوالات کے جوابات بھی دئیے اور عوامی تحفظات کو دور کیا۔ سیمینار میں ڈاکٹر اسلم منہاج، عدنان لغاری سمیت پولیو ورکرز اور محکمہ صحت کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔