محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام ڈینگی کے خاتمے کے عالمی د ن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

6

لاہور۔14جون (اے پی پی):محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام آج صوبہ بھر میں ڈینگی کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا،ترجمان کے مطابق اس حوالے سے ایک بڑی تقریب فشریز ڈائریکٹوریٹ آف ایکوا لاہور میں منعقد کی گئی جس میں ڈینگی مچھر کے لاروے کے خاتمہ کے بیالوجیکل کنٹرول پر زور دیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی انچارج ڈینگی سیل پنجاب جناب ڈاکٹر محمد عابد (ڈائریکٹر ایکوا پنجاب) تھے،تقریب میں محکمہ فشریز کے افسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،

تقریب میں ڈائریکٹر ہیچریز مینیجمنٹ پنجاب صائمہ صادق میر نے خصوصی شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر فشریز ایکوا پنجاب جناب ڈاکٹر محمد عابد نے کہا کہ ڈینگی لاروے کو بیالوجیکل طریقے سے کنڑول کرنا ایک موثر حکمت عملی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے پانی جہاں مچھلی اور دوسرے آبی جاندار زندہ رہ سکتے ہیں وہاں ڈینگی لاروے کو کنٹرول کرنے کیلئے کسی کیمیائی مادے کی ضرورت نہیں بلکہ وہاں مچھلی چھوڑی جاتی ہے

جو اس لاروے کی افزائش کو روکتی ہے،انہوں نے تمام فوکل پرسن اور اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ روزانہ کی بنیاد پر پورے پنجاب کے پانیوں کی موثر مانیٹرنگ کی اور جہاں ضرورت ہو وہاں مزید بچہ مچھلی کی سٹاکنگ کی جائے، ڈائریکٹر فشریز ہیچری مینیجمنٹ صائمہ صادق میر نے کہا کہ محکمہ فشریز پنجاب کی ٹیمیں ڈینگی لاروے کے بیالوجیکل کنٹرول کیلئے صوبہ بھر میں مصروف عمل ہیں،تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ڈویژن سید سرفراز علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔