فیصل آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ وطن عزیزمیں 70فی صد سے زیادہ آبادی کا انحصار لائیوسٹاک اور زراعت پر ہے۔ بڑہتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جانوروں کی تعداد اور ان کی پیداواری استعداد بڑہانا ازحد ضروری ہے۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے سبز چارہ جات کی سارا سال دستیابی کا ایک انقلابی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت چلنے والے ترقیاتی منصوبہ ” باجرہ نیپئر گراس کی کاشت” کے سلسلے میں ضلع جھنگ میں کام جاری ہے اور اب تک جھنگ میں 72،ایکڑزمین پر باجرہ نیپئر گراس کی کاشت مکمل کی جا چکی ہے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد مویشی پال و کسان حضرات کو سارا سال باالخصوص چارے کی کمی کے ایام میں چارے کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کسان حضرات کے ساتھ تربیتی پروگرامز بھی کیے جارہے ہیں تاکہ وہ محکمہ لائیوسٹاک کے اس منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے بتایا کہ پیداوری صلاحیت کے لحاظ سے یہ چارہ سالانہ ہانچ کٹائیاں دیتا ہے جبکہ کیڑے مکوڑوں اور حشرات سے ہر طرح محفوظ رہتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=406342