محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے زیراہتمام تین روزہ بھینس دودھ میلہ کے مقابلوں کا آغاز ہو گیا

247
محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے زیراہتمام تین روزہ بھینس دودھ میلہ کے مقابلوں کا آغاز ہو گیا

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے تحت لائیو سٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہادر نگر اوکاڑہ میں تین روزہ بھینس دودھ میلہ 2024 ء کے مقابلوں کا آغاز ہو گیا،صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ہفتہ کے روز بہادر نگر اوکاڑہ میں دودھ میلہ کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی، میاں محمد منیر، میاں غلام رضا ربیرہ سمیت محکمہ لائیو سٹاک ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے، نیلی راوی بھینس کے دودھ اور خوبصورتی جبکہ ساہیوال گائے،

چولستانی گائے اور بھیڑ بکریوں کی خوبصورتی کے مقابلہ جات کابھی باقاعدہ آغاز کر دیا گیا،صوبائی وزیر زراعت نے جانوروں کی خوبصورت پریڈ کا معائنہ اور میلہ میں لگائے گئے تمام سٹالز کا دورہ کیا،سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک میں انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے، پنجاب کی ثقافت میں لائیو سٹاک کے میلوں کا ہمیشہ سے تاریخی کردار رہا اور محکمہ لائیو سٹاک اس روایت کو بخوبی زندہ رکھے ہوئے ہے

،انہوں نے کہاکہ شعبہ زراعت کا60 فیصد حصہ لائیو سٹاک پر مشتمل ہے، شعبہ لائیو سٹاک میں بریڈ امپروومنٹ ہی ترقی کا واحد حل ہے، میلوں اور مقابلوں سے مویشی پال کسانوں میں بہتر سے بہتر پیداوار کے حصول کی لگن پیدا ہوتی ہے، میلوں کے انعقاد سے معاشرے میں صحت مندانہ رجحان پروان چڑھتا ہے،

لائیو سٹاک اور زراعت ایک دوسرے سے ملحقہ شعبے ہیں،انہوں نے کہاکہ ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ اور بریڈ امپروومنٹ ہماری اولین ترجیح ہیں، بیماریوں کی روک تھام سے دنیا میں ہمارے جانوروں کی مانگ بڑھنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، تقریب کے آخر پر بفلو بریڈر ایسوسی ایشن کی طرف سے وزیر زراعت کو اعزادی شیلڈ پیش کی گئی۔