محکمہ لائیو سٹاک کامویشی پال حضرات کو سردی میں جانوروں کو سبز چارے میں خشک توڑی ملاکر کھلانے کامشورہ

110
Department of Livestock Sialkot
Department of Livestock Sialkot

فیصل آباد۔ 13 جنوری (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم بدرنے مویشی پال حضرات کو سردی کی شدت کے باعث جانوروں کو چارے کے استعمال سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانے کی ہدایت کی ہے اورانہیں جانوروں کو سبز چارے میں خشک توڑی ملاکر کھلانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ موسم سرما و خریف میں چارے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے زمیندار و کاشتکار برسیم میں سرسوں ملا کر کاشت کر لیتے ہیں لہٰذا موسم سرما کی شدت تیزی سے بڑھتے ہوئے پودوں میں نائٹریٹ کا اضافہ کردیتی ہے جس کی وجہ سے خالی پیٹ چارہ کھانے کے بعد جانور وں و مویشیوں کی نائٹریٹ کے زہریلے پن کی وجہ سے اچانک اموات واقع ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ اولاً سرسوں کے متبادل یعنی برسیم میں جوی کا بیج استعمال کریں بصورت دیگر سرسوں و برسیم والے چارے چارہ جات اوس وکہر کی نمی ختم ہونے پر کاٹیں اور اس میں خشک چارہ جات مثلاً توڑی وغیرہ کا چوتھا حصہ ضرور شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کو سردی سے بچانے سمیت انہیں ٹھنڈا پانی پلانے سے بھی گریز کیا جائے تاکہ انہیں مضر اثرات سے بچانے کے ساتھ ساتھ شدید سردی میں کسی بڑے نقصان سے بھی بچانا ممکن ہوسکے۔