اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ا نتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 اور 27 مارچ کے دوران آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز موسلادھار بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ )کو نقصان کا اندیشہ ہےجبکہ آندھی/ژالہ باری پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیےنقصان دہ ہو سکتی ہے۔ اس دوران درمیانی سے شدیدبارش کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلیاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل جبکہ چترال،دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ کےمقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی نالوں/ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر ، خطہ پوٹھوہاراورشمالی بلو چستان میں تیز ہوائوں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اس دوران بالائی خیبر پختونخوامیں چند مقامات پر موسلادھار بارش /ژالہ باری کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔کل بدھ کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بیشتر مقامات پر جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد اورشمال مشرقی بلو چستان میں چند مقامات پر وقفے وقفے سےتیز ہوائوں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اوربعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے ۔
اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مو سم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: چترال 28، پاراچنار 12، دیر (بالائی 12، زیریں 03)، دروش 11، کالام 05، میرکھانی 10، پتن 01، گلگت بلتستان: استور میں 01میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔منگل کو ریکارڈکئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : شہید بینظیر آباد 42 اور مٹھی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔