اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام موسم سے متعلقہ خطرات سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ پی ایم ڈی کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ مون سون کے ابتدائی اسپیل سے زبردست بارشیں ہو رہی ہیں اور آئندہ کئی دن اسلام آباد سے کراچی تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ موسمی نظام پورے سندھ کے علاقے کو متاثر کرتا رہے گا اور اس کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
موجودہ بارشوں کا سبب بننے وا لا مون سون کا نظام کراچی میں اتوار کی صبح تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران وقفے وقفے سے ہلکی، درمیانی اور تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر کے بعض علاقوں کو شہری سیلاب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے رہائشیوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا کہ شہر کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے شہری سیلاب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ محکمہ موسمیات کی آفیشل ویب سائٹ پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹس چیک کریں تاکہ موسم کی تازہ ترین پیشرفت سے باخبر رہیں۔ ماہر موسمیات عاطف ارشاد نے بھی سیاحوں اور عام لوگوں دونوں پر زور دیا کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال کے درمیان محتاط اور چوکس رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ حکام بشمول واسا، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ہائی الرٹ پر ہیں اور مون سون کے اس سپیل کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ یہ محکمے سیلاب اور موسم سے متعلق دیگر چیلنجوں کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ میں ہیں تاکہ مسائل کو کم سے کم اور شہریوں کی حفاظت کی جا سکے۔