لاہور۔9 مارچ(اے پی پی )محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوںمیں مزید بارش اوربرف باری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ اتوارسے سوموار کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔اس دوران بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان جبکہ اتوار کے روز سندھ سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد ڈویژن میں کہیں کہیں اور کراچی ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری اور اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہفتہ کے روز کم سے کم درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ رہنے کے ساتھ موسم خشک و سرد رہا ، جبکہ آج اتوار کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور پیرکو بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کوپنجاب کے دیگر اضلاع فیصل آباد میں موسم ابر آلود ، ملتان اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے ۔