اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے اکتوبر کے مہینے میں ممکنہ ڈینگی پھیلنے کی وارننگ جاری کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اکتوبر کے دوران ڈینگی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے،خاص طور پر کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ملتان سمیت پاکستان کے دس بڑے شہروں میں مون سون کے بعد کی بارشوں سے متاثر ہونے والے دوسرے علاقے بھی خطرے میں ہیں۔
گزشتہ دہائی کے دوران ڈینگی بخار نے موسم برسات کے بعدآبادی کی صحت کو بری طرح متاثر کیا تھا۔وارننگ میں کہا گیا ہے کہ 20 ستمبر سے 5 دسمبر تک کا عرصہ ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے جس میں ماحولیاتی عوامل نمایاں کردار ادا کر تے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کے حوالہ سے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔