محکمہ موسمیات کی بالائی اور وسطی علاقوں میں پیر سے بدھ کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے بالائی اور وسطی علاقوں میں پیر کی شام /رات سے بدھ کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں مسلسل بحیرۂ عرب سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ آج شا م /رات سے خلیجِ بنگال سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونے …

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے بالائی اور وسطی علاقوں میں پیر کی شام /رات سے بدھ کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں مسلسل بحیرۂ عرب سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ آج شا م /رات سے خلیجِ بنگال سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ 12 گھنٹو ں کے دوران ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس کے زیرِ اثرکشمیر 6 جولائی (رات) سے 8 جولائی کے دوران (وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور) میں کہیں کہیں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں 6 جولائی (رات) سے 8 جولائی کے دوران دیر،چترال، سوات، کوہستان،ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام،بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور نگو میں کہیں کہیں وقفہ وقفہ سے تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلادھار بارش) جبکہ 7 اور 8 جولائی کے دوران وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے بارش کی توقع ہے ۔

پنجاب/اسلام آباد میں 6 جولائی (شام/رات) سے 8 جولائی کےدوران (اسلام آباد/راولپنڈی،مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات،گوجرانوالہ،حافظ آباد، وزیرآباد،فیصل آباد،خوشاب،سرگودھا، لاہور،شیخوپورہ،سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اوکاڑہ اور قصورمیں بعض مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ 7 اور 8 جولائی کے دوران نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان میں 7 اور8جولائی کے دوران (دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر) میں وقفہ وقفہ سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بلوچستان میں 7 جولائی (رات) اور 8 جولائی کو شمالی/شمال مشرقی اضلاع (ژوب، شیرانی،

کوہلو،موسیٰ خیل، نصیرآباد، ہرنائی، سبی،بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار) میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔سندھ میں 7 اور 8 جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور نہایت مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم (تھرپارکر، سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہروفیروز) میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر موسلادھار بارش ،تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔7 سے 8 جولائی کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ 7 سے 8 جولائی کے دوران کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کےپہاڑی برساتی نالوں میں پا نی کےبہاؤ میں اضا فے کا امکان ہے۔

7 سے 8 جولائی کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علا قے زیر آب آنے کا خد شہ ہے۔سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ موسم کی پیشگوئی کے مطابق غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر انتہائی احتیاط برتیں۔

کسانوں کوہدایت کی جاتی ہے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے امور کو ترتیب دیں اور مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ بارشوں کے سلسلے کے دوران ملک میں جاری گرمی اور حبس کی شدت میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ”الرٹ “رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔