35.5 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںمحکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں ہفتہ 26 تا 30...

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں ہفتہ 26 تا 30 اپریل کے دوران گرمی کی لہر کی پیش گوئی

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہفتہ 26 تا 30 اپریل کے دوران گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ہو ا کا زیادہ دبائو 26 اپریل کو ملک میں داخل ہوگا جو 27 اپریل کو بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہو گا۔26 اپریل تا یکم مئی کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں بشمول سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔

اسی طرح 27 تا30 اپریل کے دوران ملک کے بالائی علاقوں (وسطی و بالائی پنجاب ، اسلام آباد، خیبر پختو نخوا، کشمیر ، گلگت بلتستان )میں بھی دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیاد ہ رہنے کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سبب بنے والی ہوائیں داخل ہونے کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔جس کے نتیجہ میں 30 اپریل اور یکم مئی کو اسلام آباد ،کشمیر ، خطہ پوٹھوہار سمیت شمال مشرقی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلستان میں آندھی ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش /ژالہ باری کی توقع ہے ۔

- Advertisement -

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یکم مئی سے ملک میں گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات نے عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کو دھوپ کے دوران گھروں سے باہر کم سے کم نکلیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں ۔ اسی طرح کاشتکار طبقہ گندم کی کٹائی کے معاملات کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں جبکہ جانوروں کو بھی گرم موسم سے محفوظ رکھیں ۔ محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافہ اور خصوصاً 27 اپریل تا یکم مئی کے دوران برف کے پگھلنے کی شرح بڑھ سکتی ہے ۔

مزید برآں 30 اپریل اور یکم مئی کو وفاقی دارالحکومت سمیت خطہ پوٹھوہار ، شمالی مشرقی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں آندھی / جھکڑ /ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث بجلی کے کھمبے ، درخت ، گاڑیاں اور سولر پینلز سمیت دیگر کمزور انفراسٹرکچرل کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سےمحفوظ رہنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587602

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں