لاہور۔24جنوری (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب مبین الہی کی زیر قیادت صوبہ میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکاراور کاروبار کی روک تھام کیلئے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسی ہی کوششوں کے نتیجے میں محکمہ نے چشمہ بیراج پرمرغابی کے غیرقانونی شکار کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی نیز ضلع بہاولنگر کے مختلف مقامات سے جنگلی طوطوں ، تیتر و دیگر پرندوں کے چار غیرقانونی شکاری گرفتار ، بھاری جرمانے عائد ۔
ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع میانوالی محمد ابرار کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف میانوالی نے چشمہ بیراج پانڈ ایریا ز کی بذریعہ کشتی پٹرولنگ کے دوران مرغابی کے غیرقانونی شکار کیلئے تنصیب کئے گئے ایک درجن کے لگ بھگ جال اور53بمبو سٹکس قبضہ میں لے کر شکار کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔
اسی طرح کی متعدد دیگر کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل ہارون آباد ، منچن آباد اورفورٹ عباس سے جنگلی طوطوں ، تیتر اوردیگر پرندوں کے پانچ غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے انہیں مبلغ بانوے ہزارروپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹادئیے ۔