لاہور۔2مارچ (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر پنجاب میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی کے لیے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران گوجرانوالہ، جھنگ، سرگودھا، ملتان اور ڈی جی خاں سے ایک کالی ریچھنی ریسکیو کرنے سمیت جنگلی پرندوں کا غیر قانونی شکار و کاروبار کرنیوالے8 ملزمان کا چالان کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف گوجرانوالہ ریجن نے واہنڈو میں آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 4ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔ اسی طرح گوجرانوالہ شہر میں بدیسی پرندوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث1 تاجر کوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے درجنوں بدیسی پرندے برآمد کر کے ملزم کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔
اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل بھوانہ سے غیر قانونی قبضہ میں رکھی ایک مادہ کالی ریچھنی برآمد کر کے1 ملزم حراست میں لے لیا اور مقامی عدالت کے روبرو پیش کیا، عدالت نے ریچھنی کو فوری طور پر جھنگ وائلڈ لائف پارک منتقل کرنے کا حکم دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھانعیم طاہر نے بھی تحصیل ساہیوال سے جنگلی سوروں کے ایک کور سنگ کلب سے03 جنگلی سور برآمد کر کے کلب مالک کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان منور حسین نجمی نے ایئرگن کے ساتھ جنگلی پرندوں کے شکارمیں ملوث شکاری کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ڈی جی خاں ریجن محمد حسین گشکوری کی سربراہی میں پرندوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے دوران ضبط کیے جانے والے 150 بٹیروں کو قدرتی ماحول میں آزاد کیا گیا۔