محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی، 7 شکاری گرفتار ،جرمانہ عائد

99

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):محکمہ وائلڈلائف پنجاب نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 شکاریوں کو گرفتار کر کے جرمانے عائد کر دیئے۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیرنگرانی محکمہ صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کیلئے پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے اور محکمہ کی انہی کاوشوں اور کوششوں کے نتیجے میں قدرتی ماحول میں جنگلی حیات کی آ بادی بتدریج مستحکم ہوتی نظر آ رہی ہے جس کی جھلک آ ئے دن کسی نہ کسی ریجن سے موصول ہو رہی ہے نیز محکمہ نے غیر قانونی شکار کیخلاف بھی اپنی مہم کو مزید تیز کر دیاہے اور ایسی ہی بعض کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ روز لاہور اور مری سے جنگلی پرندوں کے 7 شکاریوں کو گرفتارکر کے 3 کو 55 ہزار محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ جبکہ 4 کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں لاہور سے دو مختلف کارروائیوں میں معصوم پرندوں کے 4 سیلرز کو گرفتار کر کے سینکڑوں پرندے آ زاد کر دیئے گئے اور ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ۔ اسی طرح کی ایک دیگر کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مری محمد ابرار نے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار کی کوشش کرنیوالوں کو بروقت قابو کر کے شکار کی کوشش ناکام بنادی اور 55 ہزار محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری نے صحرائے چولستان کے قدرتی ماحول میں تیتروں کی مستحکم ہوتی آ بادی کا ایک دلکش منظر شئیر کیاہے جو وہاں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر مجاہد کلیم نے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 14 بھورے تیترز کا ایک جھنڈ بلا خوف و خطر اپنی خوراک کھا رہاہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان نے گزشتہ سال کی اپنی کارکردگی رپورٹ ظاہر کی ہے کہ ریجن نے پورے سال میں 1232چالان کئے، 1 کروڑ ، 47 لاکھ ، 25 ہزار 150 روپے محکمانہ معاوضہ وصول کیا،97 کیس عدالت بھیجے ، 6 لاکھ ،17 ہزار جرمانہ ہوا، 6718 لائسنس و پرمٹ جاری کئے اور 69 لاکھ،87 ہزار 515 روپے فیس وصول کی جس سے کل 2کروڑ،17لاکھ،12 ہزار 665 روپے ریونیو حاصل ہوا۔