محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کا کراچی میں پیپلز بس سروس کے تین نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان

240

کراچی۔ 19 جولائی (اے پی پی):محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے پیپلز بس سروس کے تین نئے روٹس شروع کرنے اور ایک روٹ کو توسیع دینے کا اعلان کیا ہے ،یہ نئے روٹس پیر 22جولائی 2024سے فعال ہو جائیں گے۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق 22جولائی 2024کو پیپلز بس سروس کا روٹ 13شروع ہوگا، جو ہاکس بے سے ٹاور تک ہوگا۔

بحریہ ٹائون سے نمائش چورنگی تک الیکٹرک بس کا نیا روٹ ، ای وی 4، 24 جولائی سے شروع ہوگا جبکہ روٹ 8 یوسف گوٹھ تا ٹاور25جولائی2024کو شروع ہوگا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے روٹ نمبر 12کو توسیع دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے،23جولائی سے روٹ 12 اب کھوکھراپار کے بجائے میمن گوٹھ سے ٹاور تک شروع ہوگا۔

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئے روٹس کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بڑھانے کے لیے حکومت سندھ کی کوششوں کا حصہ ہیں،نئے روٹس متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کے لیے سستی، آسان اور آرامدہ سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے مزید بسیں لائی جائیں گی اور مزید نئے روٹس شروع کئے جائیں گے، عوام کی بلا تفریق خدمت کرنا حکومت سندھ کا عزم ہے۔