محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا کا انقلابی اقدام، جدید موبائل ایپ متعارف

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا نے جدید موبائل ایپ متعارف کروادی۔صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کر دیا

پشاور۔ 30 جون (اے پی پی):محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا نے جدید موبائل ایپ متعارف کروادی۔صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پرمحکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا کے حکام کی جانب سے صوبائی وزیر کو ایپ کے فیچرز اور عوامی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں صوبائی وزیر فضل شکور کو بتایاگیا کہ موبائل ایپ کے ذریعے عوام اپنے پانی کا بل اور بقایا جات آن لائن دیکھ سکتے ہیں ۔لوگوں کی آسانی کیلیے ایپ اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں تیار کی گئی ہے۔ایپ کے ذریعے واٹر سپلائی اور پی ایچ ای سکیموں سے متعلق شکایات آن لائن درج کرا سکیں گے ۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ صارف اپنی شکایات کی پیش رفت موبائل ایپ پر براہِ راست ٹریک کر سکیں گے۔

جدید موبائل ایپ سے عوام کو خدمات کی فراہمی مزید تیز، آسان اور شفاف ہوگی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔موبائل ایپ محکمہ کی کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر فضل شکورنے متعلقہ حکام کوعوامی شکایات کے فوری ازالے کو ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موبائل ایپ میں مزید جدید سہولیات شامل کی جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ عوام دوست اقدامات کے ذریعے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔