ڈپٹی کمشنر بہاول پور کی سائلین سے ملاقات، ان کی شکایات و مسائل سنے

ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا نے اپنے دفتر میں سائلین سے ملاقات کی اور ان کی شکایات و مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی نوعیت کے مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے

بھاول پور۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا نے اپنے دفتر میں سائلین سے ملاقات کی اور ان کی شکایات و مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی نوعیت کے مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہر درخواست کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی طلب کرکے سائلین کے مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے افسران کو واضح طور پر ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر درخواست پر مقررہ وقت کے اندر مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے آسان، شفاف اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں سائلین کے لیے ہر وقت قابلِ رسائی رہیں، ان کے مسائل کو ہمدردی اور ذمہ داری کے ساتھ سنیں اور ترجیحی بنیادوں پر سو فیصد داد رسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ایک قومی ذمہ داری ہے اور سرکاری افسران کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، شفافیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دینی چاہئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے فوری حل، بہتر گورننس اور شفاف انتظامی نظام کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔