پی ایچ ایف نے پاکستان انڈر 21 (جونیئر) اور انڈر 18 ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت اور پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچز کی سفارشات پر ٹرائلز کی تاریخوں اور مقامات کا تعین کر دیا گیا ہے۔پاکستان انڈر 21 ٹیم ٹرائلز: 3 اور 4 جولائی کو شام 5:00 بجے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔

لاہور۔30جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت اور پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچز کی سفارشات پر ٹرائلز کی تاریخوں اور مقامات کا تعین کر دیا گیا ہے۔پاکستان انڈر 21 ٹیم ٹرائلز: 3 اور 4 جولائی کو شام 5:00 بجے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔پاکستان انڈر 18 ٹیم ٹرائلز 5 جولائی کو شام 5:00 بجے پی او ایف ہاکی اکیڈمی واہ کینٹ میں لیے جائیں گے۔کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پرکھنے اور میرٹ پر انتخاب کے لیے اولمپین سمیع اللہ خان (چیئرمین سلیکشن کمیٹی) کی سربراہی میں کمیٹی ٹرائلز کا انعقاد کرے گی۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں اولمپین نعیم اختر، اولمپین ناصر علی، اولمپین کاشف جواد، اولمپین عاطف بشیر اور اولمپین ایم خالد شامل ہیں۔ مزید برآں پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے رکن اولمپین حسن سردار خصوصی طور پر ٹرائلز کی نگرانی کے لیے موجود ہوں گے۔ مسقط، عمان میں 20 سے 25 جولائی تک منعقد ہونے والی ’’مینز ہاکی فائیو اے سائیڈ ایشین چیمپئن شپ‘‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ (یکم جولائی) سے پی او ایف ہاکی اکیڈمی، واہ کینٹ میں شروع ہو رہا ہے۔ یہ کیمپ 18 جولائی تک جاری رہے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام منتخب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم جولائی کو شام 7:00 بجے تک لازمی طور پر ہیڈ کوچ محمد قمر ابراہیم کو رپورٹ کریں۔

کیمپ میں مدعو کیے گئے کھلاڑیوں میں گول کیپرز غلام مصطفی (کسٹمز)، نعمان خان (سندھ)، عادل (کسٹمز)، ایم ذیشان (پنجاب)، ڈیفنڈرز: عاصم حیدر (کسٹمز)، حسن اکبر (کسٹمز)، مزمل سعید (آرمی)، عزیر (کے پی کے)، مڈ فیلڈرز: حسنان خان (کسٹمز)، زمان گجر (کسٹمز)، عثمان غنی (سندھ)، شاہد اللہ (پنجاب)، سٹرائیکرز: ایم عثمان (کسٹمز)، عدیل افضل (کسٹمز)، سلمان یاسین (آرمی)، شعیب سلطان (آرمی)، رانا سمیع (پنجاب)، زنیر (پنجاب)، فرحان اسلم (پنجاب)، حنین نور بھٹہ (پنجاب)، یحیی نجیب (کسٹمز)، عبداللہ اعوان (کسٹمز) شامل ہیں۔آفیشلز میں اولمپین محمد قمر ابراہیم (ہیڈ کوچ) اولمپین ریحان بٹ (کوچ) اور عدیل اختر (فزیو تھراپسٹ) کے فرائض سرانجام دیں گے۔کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ اپنے محکمے کا این او سی، کم از کم 6 ماہ کی معیاد والا پاسپورٹ، سفید بیک گراونڈ والی 8 عدد پاسپورٹ سائز تصاویر، اور اپنی پلیئنگ کٹ (رنگین اور سفید) ہمراہ لائیں۔