بی آر ٹی پشاور کی 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار

زو پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لیے خریدی گئی 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار ہیں۔ٹرانس پشاور تر جمان کے مطابق یہ اقدام بی آر ٹی فلیٹ میں اضافے اور شہریوں کو مزید بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا جا رہا ہے

پشاور۔ 30 جون (اے پی پی):زو پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لیے خریدی گئی 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار ہیں۔ٹرانس پشاور تر جمان کے مطابق یہ اقدام بی آر ٹی فلیٹ میں اضافے اور شہریوں کو مزید بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا جا رہا ہے۔نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔ ان میں سے 25 بسوں کی پہلی کھیپ جولائی کے آغاز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے جبکہ باقی بسیں بعد ازاں پہنچیں گی۔یہ بسیں بی آر ٹی کے مرکزی کوریڈور اور فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی جس سے سروس کی استعداد میں اضافہ، انتظار کے دورانیے میں کمی اور بڑھتی ہوئی سفری طلب کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

نئی بسوں کی شمولیت کے ساتھ ٹرانس پشاور خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس بھی شروع کرے گا۔ اس سروس کے تحت مخصوص بسیں صرف خواتین مسافروں کے لیے مختص ہوں گی، تاکہ رش کے اوقات میں انہیں مزید محفوظ، آرام دہ اور سہولت بخش سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔ٹرانس پشاور نئے روٹس کے اجراء پر بھی کام رہا ہے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات مزید وسیع پیمانے پر فراہم کی جا سکیں۔نئی بسوں کی شمولیت ٹرانس پشاور کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز، سیکریٹری ٹرانسپورٹ جناب محمد زبیر اور منیجنگ ڈائریکٹر KPUMA افتخار خان کی رہنمائی میں پشاور کے عوام کو معیاری عوامی سفری سہولیات فراہم کرنے اور ان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔