پانی معاشی ترقی اور زراعت کی بنیاد ہے، اسے بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جا سکتا، پانی امن اور تعاون کا ذریعہ ہونا چاہئے، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل

پانی معاشی ترقی اور زراعت کی بنیاد ہے، اسے بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جا سکتا، پانی امن اور تعاون کا ذریعہ ہونا چاہئے، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ پانی معاشی ترقی اور زراعت کی بنیاد ہے، اسے بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ امن اور تعاون کا ذریعہ ہونا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں جناح کنونشن سینٹر میں ”سندھ طاس معاہدہ، امن اور علاقائی استحکام کا اہم ذریعہ“ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ پانی کی اہمیت پہلے سے ہی مسلمہ ہے تاہم ہمسایہ ملک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے اعلان کے بعد اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے جس کے پیش نظر اس مسئلے کو اجاگر کرنے اور آگاہی پیدا کرنے کے لئے اس سیمینار کا انعقاد ضروری سمجھا گیا۔

اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ یہ سیمینار وزارت اطلاعات و نشریات اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آر ایس) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے اور امید ہے کہ یہ پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی کو موثر انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات حکومت کے ترجمان ادارے کے طور پر ہمیشہ اہم قومی معاملات کو اجاگر کرتی رہی ہے اور قومی اہمیت کے امور عوام تک پہنچانا وزارت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہر لحاظ سے زندگی کی بنیاد ہے اور اسے کبھی بھی بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے، امید ہے کہ یہ سیمینار اس مسئلے کے پرامن اور خوش اسلوبی سے حل میں معاون ثابت ہوگا۔