سی ایم پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ 2026 کا آغاز ہوگیا جس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پروائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی موجودتھے
لاہور،سی ایم پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
لاہور۔30جون (اے پی پی):سی ایم پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ 2026 کا آغاز ہوگیا جس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پروائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی موجودتھے۔ افتتاحی تقریب میں پنجا ب کے تمام ڈویژن کے کبڈی کے کھلاڑی،کوچز اور شائقین کبڈی کی بڑی تعداد شریک ہوئی،۔کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب سے تعارف کروایا گیا۔ افتتاح کے موقع پر لاہور اور سرگودھا ڈویژن کے درمیان کبڈی میچ کا بھی انعقاد کیا گیا جسے شائقین کبڈی کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ سیکرٹری سپورٹس نے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب کبڈی چیمپئن شپ نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے،جہاں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں گے، انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ کے مقابلے تحصیل سطح سے شروع ہوئے اور اب اس کا فائنل مرحلہ لاہور میں ہورہا ہے جس میں تمام ڈویژنز کے بہترین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں،چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر20 میچز کھیلے جائیں گے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی سامنے آسکیں۔
سیکرٹری سپورٹس نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، کبڈی ہماری ثقافت، روایات اور نوجوانوں کی طاقت کی علامت ہے، سی ایم پنجاب کبڈی چیمپئن شپ روایتی کھیلوں کی بحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ اولمپک کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ سیکرٹری نے مزید کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار19 مفت سپورٹس اکیڈمیز قائم کی گئی ہیں جہاں6 سے19 سال تک کے بچوں اور بچیوں کو عالمی معیار کی مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے، ان اکیڈمیز کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی، ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے قابل بنانا ہے، پنجاب میں نوجوانوں کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کھیلوں کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے سال2026 کو یوتھ کا سال قرار دیا ہے جس کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ بھر میں زیادہ سے زیادہ سپورٹس ایونٹس منعقد کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کیا جا سکے، انہیں گرائونڈز تک لایا جائے اور موبائل فون سمیت دیگر الیکٹرانک گیجٹس کے غیر ضروری استعمال سے دور رکھا جا سکے۔
پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سپورٹس انفر ا سٹر کچر کا جال بچھایا جارہاہے۔ اب تک کے ہونیوالے میچز جس میں ملتان ڈویژن نے بہاولپورڈویژن کو 38-26سے شکست دے دی جبکہ فیصل آباد ڈویژن نے ڈی جی خان ڈویژن کو 42-23، ساہیوال ڈویژن نے سرگودھا ڈویژن کو 36-23،گوجرانوالہ ڈویژن نے راولپنڈی ڈویژن کو 45-21 سے ہرادیا، اسی طرح ساہیوال نے بہاولپور کو 43-23، فیصل آباد نے راولپنڈی کو45-19 جبکہ لاہور ڈویژن نے سرگودھا ڈویژن کو47-25 سے شکست دی۔









