چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ مختلف تہذیبوں کے ہم آہنگ بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے اور تہذیبی و ثقافتی تبادلوں کی بنیاد کو مضبوط کیا جائے۔
مختلف تہذیبوں کے ہم آہنگ بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے، چینی وزیر خا رجہ
بیجنگ۔9جون (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ مختلف تہذیبوں کے ہم آہنگ بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے اور تہذیبی و ثقافتی تبادلوں کی بنیاد کو مضبوط کیا جائے۔ سی جی ٹی این کے مطابق سال 2026 کے "تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن ” کے حولے سے چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے عالمی سطح پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے ورچوئل خطاب کیا۔ وانگ ای نے کہا کہ تین سال قبل چینی صدر شی جن پنگ نے گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو پیش کیا ، جس نے مختلف تہذیبوں کے لئے ہم آہنگ بقائے باہمی کی سمت فراہم کی۔ "تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن ” کا قیام اس انیشی ایٹو پر عمل درآمد کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے تہذیبی مکالمے کو فروغ دینے کے لیے چار نکاتی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف تہذیبوں کے ہم آہنگ بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے ، انسان کو مرکزی حیثیت دے کر تہذیبی و ثقافتی تبادلوں کی بنیاد کو مضبوط کیا جائے ، روایتوں کو آگے بڑھاتے ہوئے جدت کو اپنایا جائے ، تہذیبی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تبادلوں اور باہمی سیکھنے کے عمل کو فروغ دیتے ہوئے مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے۔ یا د رہے کہ 2024 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں چین اور دیگر 83 ممالک کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جس کے تحت ہر سال 10 جون کو "تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن ” کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔









