
لاہور۔2اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آ ہنگی و چیئرمین پاکستان علماءکونسل مولانا حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو کورونا وائرس کی وبا و دیگرمشکلات سے چھٹکارا حاصل کرنے کےلئے اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنا ہوگا اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنا ہو گی، اللہ تعالی وقتا فوقتا انسان کو بتا تا ہے کہ جب تک میری منشا نہ ہو کچھ نہیں ہوسکتا ،مخصوص حالات میں نماز کے دوران فاصلہ شرعا جائز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ مسجد بحریہ ٹائون میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مسلمانوں کو کورونا وبا و دیگرمشکلات سے چھٹکارا حاصل کرنے کےلئے اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنا ہوگا اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنا ہو گی، اللہ تعالی وقتا فوقتا انسان کو بتا تا ہے کہ جب تک میری منشا نہ ہو کچھ نہیں ہوسکتا ،مخصوص حالات میں نماز کے دوران فاصلہ شرعا جائز ہے ، کورونا وبا سے بچائو کےلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا، ماسک لگانا،وضو اور سنتیں گھر میں ادا کرنے سے ثواب زیادہ ملتا ہے ‘اس لئےکوروناوائرس کی موجودہ صورتحال میں سنتیں گھر میں اداکریں ۔
انہوں نے کہاکہ جب مسجد حرام اور مسجد نبوی کو بند کیا گیا تو اس وقت حکومت پاکستان نے مساجد بند نہیں کیں اوراب بھی حکومت مساجد کو بند نہیں کررہی ہے۔مولانا حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ وباکے دوران اپنی جان کی حفاظت کرنا اور احتیاط تدابیرکرنا شرعی معاملہ ہے‘ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے ،کاروباری حضرات ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں رمضان کے احترام کا خیال رکھنا چاہیے اور اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے‘ہم روزانہ نمازوں میں اللہ پاک سے مدد مانگتے ہیں مگر ہمارے عمل اس کے برعکس ہیں۔
واقعہ بیان کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ حضرت عمر بن خطابؓ اپنے کندھوں پر سامان لادکر اپنی رعایا کی مدد کرتے تھے،آئیں ہم بھی اللہ سے وعدہ کریں کہ تیرے راستے پر چلیں گے ،دعا مانگیں کہ رمضان میں مسجدیں بند نہ ہوں بلکہ یہ نمازیوں سے بھری رہیں۔مولانا حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ پاکستان اللہ کے نام پر بنا ہے ،دعا ہے کہ یہاں اللہ کا نظام قائم ہو۔
انہوں نے کہاکہ شعبان کا مہینہ پیارے نبی کا مہینہ ہے ، اس مہینے میں مغفرت کےلئے دعا ئیں مانگیں،کثرت سے درورد پڑھیں اور حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا ایس او پیزپرعمل کریں۔مولانا حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ رمضان المبارک میں مساجد آباد ہونگی، نمازی مساجدوں میں سماجی فاصلوں کو بھی برقرار رکھیں ۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے کورونا کے حوالے سے اقدامات مثالی تھے‘اس لئے اب بھی ہمیں اسی طرح کی احتیاط تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔