مذاکرات ہی ایران کے جوہری مسئلے کا واحد حل ہے، اقوام متحدہ

74

اقوام متحدہ۔9فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے وانگ کون نے کہا کہ مذاکرات ہی ایران کے جوہری مسئلے کو حل کرنے کا واحد راستہ ہیں ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہاکہ چین ایران کے جوہری مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش جاری رکھنے کی کی حمایت کرتا ہے۔

وانگ نے یہ ریمارکس 2015 کے ایران جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق بات چیت کے طور پر دیے، جسے باضابطہ طور پر مشترکہ جامع پلان آف ایکشن کہا جاتا ہے۔ وانگ ویانا مذاکرات میں چینی وفد کے سربراہ ہیں۔

امریکہ اور ای تھری ای تھری (برطانیہ، فرانس اور جرمنی) کی طرف سے تجویز کردہ پیکج اور ایران کے سول نیوکلیئر پروگرام پر حالیہ امریکی پابندیوں کی چھوٹ کو حتمی معاہدے کی طرف "ایک مثبت قدم” قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہتمام فریقوں کو ان مذاکرات کو جاری رکھنا چاہیے اور ایران کے خیالات اور ان کے جائز حقوق پر توجہ دینی چاہیے ۔

انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ایران تمام فریقین کی طرف سے بحث کے لیے مجوزہ پیکج پر اپنی تحریری آراء کے ساتھ باضابطہ طور پر سامنے آئے گا۔ چینی مندوب نے کہا کہ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ماضی کے مذاکرات میں مشکل سے حاصل کی گئی پیش رفت کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں، پابندیوں کے خاتمے اور اقتصادی ضمانت جیسے زیر التوا مسائل پر توجہ دیں، اتفاق رائے کو مزید وسعت دیں، اور جلد از جلد معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کریں۔

انہوں نےفریقین پر زور دیا کہ وہ پابندیوں میں ریلیف کے معاملے پر توجہ مرکوز کریں، جو ایران کی بنیادی تشویش کے ساتھ ساتھ چین کی بھی ایک اہم تشویش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ، ایران کے موجودہ جوہری بحران کے موجد کے طور پر، عالمی برادری کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایران اور تیسرے فریق بشمول چین پر سے تمام متعلقہ غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں ہٹا لے جبکہ ایران کو دوبارہ جامع طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہییں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں ہٹانے کو، محض بیان کے بجائے، ٹھوس اقدامات کے ذریعے نافذ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے کسی بھی حل کو چین کے جائز تحفظات کا ازالہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کا احترام کرے، چین کے جائز حقوق کا احترام کرے اور چینی اداروں اور افراد کے خلاف پابندیوں کے معاملے کو مناسب طریقے سے حل کرے۔

وانگ نےکہا کہ ؂مذاکرات ہی ایران کے جوہری مسئلے کو حل کرنے کا واحد راستہ ہیں اور چین مذاکرات کی جلد کامیابی کے لیے دیگر تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔